سری نگر،20؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ملہورہ علاقے میں پیر کی شام شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں منگل کی صبح ایک اور جنگجو مارا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملہورہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان پیر کی شام چھڑنے والے تصادم میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنگجو پیر کی شام ہی مارا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جنگجوؤں کی لاشوں کو اسلحہ سمیت برآمد کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شب آپریشن کو تاریکی کے پیش نظر روک دیا گیا تھا تاہم کارڈن کو مزید سخت کیا گیا تھا تاکہ پھنسے ہوئے جنگجو بھاگنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ ملہورہ میں آپریشن دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔ قبل ازیں ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 55 آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے شوپیاں کے ملہورہ علاقے کو پیر کی شام دیر گئے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں میں مزید دو جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 185 ہوگئی ہے۔ ان میں دو درجن غیر ملکی جنگجو شامل ہیں۔